وزیراعظم عمران خان نے 1996ء میں پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی، اس کا محور دائیں اور بائیں کی بجائے درست اور غلط بنایا ،ریاست مدینہ کے تین بنیادی ستون رحم، انصاف اور احساس ہماری دفاعی، معاشی، ثقافتی سرگرمیوں کا احاطہ کرتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز

149

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کے سامنے 2 سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کر رہے ہیں جو جمہوری حکومت کا طرز عمل ہوتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے 1996ء میں پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی، اس کا محور دائیں اور بائیں کی بجائے درست اور غلط بنایا، ایک جانب ذاتی مفادات اور دوسری طرح ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی کے بنیادی مقاصد کا حصول ہے جسے ہم نے اپنی ترجیح بنایا ہے اور اسی بیانیہ کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں، ریاست مدینہ کے تین بنیادی ستون رحم، انصاف اور احساس ہماری دفاعی، معاشی، ثقافتی سرگرمیوں کا احاطہ کرتے ہیں، پاکستان کے عوام نے ذاتی مفاد کے بیانیہ کو مسترد کر دیا ہے، ہمارا مقصد ذاتی کامیابیوں کی تشہیر نہیں بلکہ اندرونی اور بیرونی محاذوں پر دشمن کے عزائم کے خلاف لڑنا ہے، دشمن نے ہمیشہ ہماری معیشت کو نقصان پہنچا کر ناامیدی اور افراتفری پھیلانا چاہی ہے اور وزارت اطلاعات اس جنگ کا بھرپور مقابلہ کرے گی، حکومت کی بھرپور جدوجہد کے نتیجہ میں کڑا وقت گزر چکا اچھا وقت شروع ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کے 2 سال کی تکمیل کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اسد عمر، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے ہمراہ پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2 سال کی کارکردگی پیش کرنا جمہوری حکومت کا طرز عمل ہوتا ہے اور یہ ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم خود کو اپنے ماضی سے جوڑیں، اس ملک کا قیام کیونکر عمل میں آیا اور وہ لوگ جنہوں نے ملک کی تخلیق کی سوچ علامہ اقبال کے خطبہ الٰہ آباد سے منسلک کی، وہ سمجھتے تھے کہ متحدہ ہندوستان میں مسلمانوں کا سیاسی، ثقافتی اور مذہبی مستقبل کیا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی طور پر ہم نے ملک حاصل کر لیا لیکن ہم ان اصولوں پر اپنی عمارت کھڑی نہیں کر سکے، ہمیں ان اصولوں سے منسلک ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ 1996ء میں پاکستان تحریک انصاف کا وجود عمل میں آیا اور عمران خان نے ”ایاک نعبد و ایاک نستعین” کی بنیاد پر اپنی جماعت قائم کی اور دائیں اور بائیں کی سیاست کی بجائے درست اور غلط کی بنیاد پر سیاست کو محور بنایا اور اسی بیانیہ کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کے ایک جانب ذاتی مفادات ہیں اور دوسری جانب ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے بنیادی مقاصد کا حصول ہے اور ہم نے اسے اپنی ترجیح بنایا ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان غریب پرور اور محنتی شخصیت ہیں، ان کی بنیادی سوچ ہے کہ ملک کو کس طرح آگے بڑھایا جائے، ملک میں انصاف اور میرٹ کی بالادستی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے تین بنیادی ستون رحم، انصاف اور احساس کو اپنی دفاعی، معاشی اور ثقافتی سرگرمیوں کا محور بنایا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار چل رہی ہے اور اس وقت ملک کو اندرونی و بیرونی محاذوں پر چیلنجز کا سامنا ہے، دشمن نے ہمیشہ ہماری معیشت کو نقصان پہنچا کر ناامیدی اور افراتفری پھیلانا چاہی ہے اور اس سلسلہ میں میڈیا اور خاص طور پر وزارت اطلاعات کا کردار بڑھ جاتا ہے، وزارت اطلاعات و نشریات اپنا کردار بھرپور طریقہ سے نبھائے گی اور ان محاذوں پر ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں ہر شہری صحافی بن چکا ہے اور ہر صحافی، ہر شہری اور ہر وزیر نے اس جنگ کو مل کر لڑنا ہے اور کامیابی ہمارا مقدر ہو گی، ہم اس میں کوئی بھی تقسیم نہیں چاہتے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کی بھرپور جدوجہد کے نتیجہ میں کڑا وقت گزر چکا اچھا وقت شروع ہو گیا ہے۔ اس موقع پر تمام وزراء نے اپنے اپنے شعبہ کی 2 سالہ کارکردگی قوم کے سامنے رکھی۔