اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیارنے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے عوام پرسرمایہ کاری کرنے پرپختہ یقین رکھتے ہیں اورسمجھتے ہیں کہ اس سے نہ صرف لوگوں کو فائدہ ہوگا بلکہ پائیدارترقی کے اہداف بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں،چیلنجوں کے باوجود حکومت انسانی سرمایہ میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات عالمی بینک اورآئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ”کوویڈ19 کے دورمیں انسانی سرمایہ میں سرمایہ کاری“ کے موضوع پرورچوئل وزارتی سطح کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کہی۔ مخدوم خسروبختیارنے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان 213 ملین آبادی کا ملک ہے اورملکی آبادی میں سے 63 فیصد نوجوان شامل ہیں جس نے پاکستان کو ایک منفرد مقام دیا ہے۔ تاہم مختلف اوقات میں کلی معیشت کے بحرانوں اورانسانی سرمایہ میں سرمایہ کاری نہ کرنے کی وجہ سے بڑھوتری کے امکانات کی راہ میں رکاوٹیں سامنے آئی جس کی وجہ سے پائیدارترقی کی منزل کو حاصل نہ کیا جاسکا۔انہوں نے کہاکہ اسی کی روشنی میں پاکستان ہومن کیپٹل پراجیکٹ پرعمل کرنے والے اولین ممالک میں شامل ہوا۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے عوام پرسرمایہ کاری کرنے پرپختہ یقین رکھتے ہیں اورسمجھتے ہیں کہ اس سے نہ صرف لوگوں کو فائدہ ہوگا بلکہ پائیدارترقی کے اہداف بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔اسی ایجنڈہ کے تحت بہتراسلوب حکمرانی اوروسائل کی درست تخصیص حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ کوویڈ19 کی وبا پاکستان کی معیشت پرمنفی اثرات ڈال رہی تھی۔ حکومت نے وبا کے مضراثرات کو کم کرنے کیلئے 1240 ارب روپے کا پیکج جاری کیا تاکہ ہم اپنے عوام اورملکی معیشت کے اہم شعبوں کو مشکل دنوں میں تعاون فراہم کرسکے۔پاکستان نے کوویڈ 19 کے حوالہ سے جو حکمت عملی تیارکی وہ ایک فعال اورموثر طریقہ کارتھا جس کاعالمی سطح پربھی اعتراف کیاگیاہے۔وفاقی وزیرنے کہاکہ دیگرترقی پذیرممالک کی طرح پاکستان کو بھی انسانی کیپٹل میں سرمایہ کاری کیلئے وسائل مختص کرنے میں اقتصادی مشکلات کا سامناکرنا پڑرہاہے،محدودمالیاتی گنجائش اورگورننس کے وفاقی ساخت نے اس صورتحال کومزیدگھمبیربنادیاہے، اسی تناظرمیں حکومت تمام وفاقی اکائیوں کی مشاورت اورپائیدارترقی کے اہداف کی روشنی میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات لارہی ہے۔وفاقی وزیرنے کہاکہ ان چیلنجوں کے باوجودانسانی سرمایہ میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے حکومت اب بھی پرعزم ہے،اس ضمن میں حکومت نے محصولات میں اضافہ،تعلیمی اصلاحات، ہیلتھ انشورنس پروگرام میں وسعت، اورتخفیف غربت پروگرام سمیت کئی پروگرام اورمنصوبے شروع کئے گئے ہیں۔