وزیراعظم عمران خان کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

56

اسلام آباد ۔ 12ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی بالخصوص انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ایجنسی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایس آئی ہماری اولین دفاعی لائن ہے اور دنیا کی بہترین انٹیلی جنس ایجنسی شمار ہوتی ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر کہی۔ قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے آمد پر وزیراعظم کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم نے یادگارِ شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کو مختلف تزویراتی انٹیلی جنس اور قومی سلامتی امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنی مسلح افواج اور انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ ہیں اور ان اداروں کی بے مثال کامیابیوں کا بے حد اعتراف کرتے ہیں۔ دورے کے دوران بعض کابینہ ارکان بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔