اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے آسٹریلیا کے سابق سپنرشین وارن کے انتقال پررنج وغم کااظہارکیاہے۔اتوار کواپنےایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ دنیائے کرکٹ میں آنجہانی جینئیس لیگ سپنر،جنہوں نے لیگ سپننگ کی آرٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا، کی کمی محسوس ہوگی۔وزیراعظم نے کہاکہ کرکٹر شین وارن کے اچانک انتقال سے انہیں صدمہ ہواہے۔
شین وارن ایک جینئیس بائولرتھے اورانہوں نے لیگ سپننگ کی آرٹ کونئی بلندیوں تک پہنچایا۔دنیائے کرکٹ میں ان کی کمی محسوس ہوگی۔52 سالہ شین وارن ایک روز قبل تھائی لینڈکے علاقہ کوہ سموئی میں، جہاں وہ چھٹیاں منارہے تھے، دل کادورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔
وہ وزدین کی صدی کے پانچ بہترین کرکٹرزمیں شامل تھے۔ آنجہانی نے ون ڈے میچوں میں 293 اورٹیسٹ کرکٹ میں 708وکٹیں حاصل کی تھیں جو لیگ سپننگ کی موجودہ فارمیٹ میں سب سے زیادہ ہیں ۔انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کاآغاز1992 میں بھارت کے خلاف کیاتھا۔