وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب تاریخ ساز ہے، جامع اور موثر انداز سے مسئلہ کشمیر کو اٹھانے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مشعال ملک کا وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر ردعمل

66
مشعال ملک
انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے اصول ہماری مذہبی، ثقافتی، سماجی اور سیاسی اقدار میں پیوست ہیں،مشعال ملک

اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی ورچوئل اجلاس خطاب میں جامع اور موثر انداز سے مسئلہ کشمیر کو اٹھانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا خطاب تاریخ ساز ہے، انہوں نے کشمیر ایشو، افغان امن عمل، کوویڈ 19، منی لانڈرنگ سمیت دیگر عالمی چیلنجز پر روشنی ڈالی ہے۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یو این جی اے میں کشمیر اور فلسطین ایشوز ٹاپ ایجنڈا ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری بھارت پر دباﺅ ڈالے کہ وہ مظلوم کشمیری عوام پر ریاستی دہشت گردی، نسل کشی اور خون خرابے کو روکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق، حق خودارادیت ملنے تک آزادی کی تحریک کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی طور پر حمایت جاری رکھے گا۔ مشعال ملک نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے کلیدی کردار ادا کرے۔