اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویز ن کے تحت پاکستان نے دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کیلئے قدرتی راستہ دکھایا ہے، وزیراعظم عمران خان کا بلین ٹری سونامی منصوبہ پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے، سعودی عرب سے پہلے برطانیہ اور نیوزی لینڈ بھی پاکستان کو دیکھ کر بلین ٹری سونامی منصوبے شروع کر چکے ہیں۔
پی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آنے والی نسلوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے بلین ٹری سونامی کا تاریخی اقدام اٹھایا ہے جس کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے، پاکستان نے موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے صرف زبانی باتیں نہیں بلکہ عملی اقدامات اٹھا کر دکھائے ہیں، کورونا کی وجہ سے معاشی مشکلات کے باوجود اس مہم پر کام جاری ہے، ورلڈ بینک اور اے ڈی پی نے بھی تعریف کی ہے۔
ملک امین اسلم نے کہا کہ سعودی عرب کا گرین منصوبے کا اقدام خوش آئند ہے اور وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کو اپنا تجربہ شیئر کرنے کی پیشکش کی ہے، دونوں ممالک کے درمیان ماحولیاتی شعبے پر تعاون کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورمز اور اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے بھی پاکستان کے ماحولیاتی شعبے کے اندر مثبت کردار کا اعتراف کر چکے ہیں، ورلڈ اکنامک فورم نے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے مختلف وڈیوز ریلیز کر کے دنیا کو پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کے بارے آگاہ کیا ہے، اسی وجہ سے اقوام متحدہ نے پاکستان کو رواں سال 5 جون کو ورلڈ انوائرنمنٹ ڈے کیلئے میزبان چنا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ شیری رحمان کے ٹوئیٹس مضحکہ خیز ہیں، پیپلزپارٹی کے دور میں وزارت ماحولیات کا بجٹ 15 کروڑ جبکہ ن لیگ کے دور میں 30 کروڑ تھا، تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد پہلے سال بجٹ بڑھا کر ساڑھے سات ارب کیا جبکہ رواں مالی سال کے دوران ہمیں 10 ارب روپے کا بجٹ مل جائے گا۔