
اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے سے بخوبی آگاہ ہے اس مسئلے پر موثر انداز میں قابو پانے کیلئے بالخصوص علماءکرام، ذرائع ابلاغ اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، لوگوں میں آبادی پر قابو پانے اور بہبود آبادی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہو گا، بنگلہ دیش اور ایران میں آبادی کے مسئلے پر قابوپانے میں مساجد اور علماءکرام نے اہم کردار ادا کیا ہے، آبادی پر قابو پانے اور بہبود آبادی کے حوالے سے شعور و آگاہی پھیلانا وقت کی ضرورت ہے، پانامہ کے فیصلے نے قانون کی حکمرانی پر مبنی نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے، قانون کی حکمرانی کا جن اب بوتل سے باہر نکل چکا ہے اور اب اسے کوئی بند نہیں کر سکتا، پاکستان کو اس وقت مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے، انشاءاللہ ہم ان مسائل سے جلد نکل جائیں گے۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں سپریم کورٹ آف پاکستان کے آڈیٹوریم میں لاءاینڈ جسٹس کمیشن کے زیر اہتمام تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے سے متعلق ایک روزہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر کے آغاز میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ کے تاریخی فیصلے نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے، یہ بات خوش آئند ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے دور میں مہذب معاشرے کی بنیادیں رکھی گئیں۔