اسلام آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے جموں و کشمیر کے تنازعے کو دوبارہ اٹھانے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنازعہ 70 سال سے زیادہ عرصے سے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے، سلامتی کونسل اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق نہ صرف عالمی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے بلکہ اس کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی بھی ذمہ دار ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال پرتشویش کے اظہارپر سلامتی کونسل کے ارکان کے مشکورہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف واضح اور دو ٹوک ہے، مسئلہ کشمیرکوسلامتی کونسل کی قراردادوں کےمطابق حل کیا جاناچاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کوآزاداورشفاف استصواب رائے کے تحت حق خودارادیت دیاجائے، پاکستان حق خودارادیت کےحصول تک کشمیری عوام کی ہرممکن حمایت جاری رکھے گا۔