اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے موجودہ حکومت کے پہلے 100 دن کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رحمدلی، خوف خدا اور احساس کے جذبے سے سرشار ریاست مدینہ کے ماڈل کی پیروی کرتے ہوئے معاشرے کے غریب اور کمزور طبقات کی حالت زار کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز ہے، ابتدائی 100 روز میں ہماری کوشش رہی کہ جو بھی پالیسی بنائیں وہ عام آدمی کے فائدے کے لئے ہو، بدعنوانی پر قابو پا کر ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن اور غربت سے نجات دلا سکتے ہیں، غربت کی زنجیر توڑنے کے لئے ایک جامع منصوبہ کے تحت تخفیف غربت اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے‘ لاہور میں چھتوں سے محروم اور فٹ پاتھوں اور گلیوں میں سونے والے لوگوں کے لئے ’پناہ گاہ‘ کا قیام عمل میں لایا گیا‘ راولپنڈی اور کراچی میں بھی اس طرح کی پناہ گاہیں تعمیر ہو رہی ہیں، ماضی کی حکومتوں نے ایسے لوگوں کے بارے میں کبھی نہیں سوچا تھا‘ ملک میں یکساں تعلیمی نظام کے قیام کے لئے وفاقی وزیر شفقت محمود کی قیادت میں کمیٹی بنائی گئی ہے۔