اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس کے پیسے کی بچت اور عوام کو زحمت سے بچانے کیلئے سیکورٹی اور پروٹوکول کے ہمراہ نجی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے کابینہ اس حوالہ سے ایک جامع پالیسی کی منظوری دے گی۔
منگل کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ ٹیکس کے پیسے اور عوام کو زحمت سے بچانے کیلئے میں سیکورٹی اور پروٹوکول کے ہمراہ کسی نجی تقریب میں شریک نہیں ہوں گا اور وزراء و گورنرز کی سیکورٹی پروٹوکول کا بھی جائزہ لے رہا ہوں جبکہ تحریک انصاف کے وزراء کو طے کرنا ہے کہ ہم کیسے اخراجات کم اور عوام کو پہنچنے والی زحمت کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ آئندہ ہفتے کابینہ اس حوالہ سے ایک جامع پالیسی کی منظوری دے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم عوام کو مرعوب کرنے کی غرض سے جاہ و جلال کے استعمال کی اس نوآبادیاتی میراث کا خاتمہ کریں گے۔