اسلام آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے وطن عزیز کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کی اشد ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسی میں ہم سب کی بقاءاور سربلندی ہے، موجودہ حکومت ریاستی امور کے حوالہ سے اس مثالی ریاست سے بھرپور رہنمائی حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے یہ بات عید میلاد النبی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) بدھ کو منایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے عید میلادالنبی کے موقع پر تمام اہلیان وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس رسول کا امتی بنایا جو رحمتہ للعالمین تھے، آپ کی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت ہر انسان کےلئے قابلِ تقلید ہیں، آپ نے ایک ایسی نسل تیار فرمائی جس نے ساری دنیا میں اسلام کے منصفانہ اور عادلانہ قوانین کی دھاک بٹھا دی، جب تک یہ نظام بالا دست رہا اقوام عالم کو عدل و انصاف، مساوات، مذہبی رواداری کے وہ مناظر دکھاتا رہا جن کے دیکھنے کی آج نہ معلوم کتنی آنکھیں منتظر ہیں۔