
پشاور ۔ 15 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے قبائلی علاقہ جات میں انتظامی، قانونی اور مالی اصلاحات جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت قبائل کی بحالی اور بہتر سماجی حالات کی ریاستی ذمہ داری پوری کرے گی، امن کو خراب نہیں ہونے دیں گے، قبائلی علاقہ جات کو ملک کے باقی شہریوں جیسی تمام سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو قبائلی علاقہ جات میں انتظامی اصلاحات اور سیکورٹی صورتحال کا پشاور میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی، وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈاپور، وزیر توانائی عمر ایوب خان، وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری، مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ محمّد شہزاد ارباب، وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان، معاونین خصوصی نعیم الحق اور افتخار درانی نے شرکت کی۔ گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، مشیر وزیراعلی اجمل وزیر، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی غیور عوام کی پاکستان کےلئے بے پناہ خدمات ہیں، بہادر قبائل نے دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے مشکل وقت گزارا۔ انہوں نے کہا کہ قبائل نے حکومت اور سیکورٹی فورسز کا بھرپور ساتھ دیا، قبائل کی بحالی اور بہتر سماجی حالات ریاست کی ذمہ داری ہے جو ہم پورا کریں گے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم امن کو خراب نہیں ہونے دیں گے، حکومت قبائلی علاقہ جات میں وہ تمام سہولیات میسر کرے گی جو باقی شہریوں کو دستیاب ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر وزرائ، ارکان اسمبلی اور سینیٹرز خاص طور پر قبائلی علاقوں کے عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل میں پوری مدد کی یقین دہانی کرائی۔