وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب

100
APP85-24 ISLAMABAD: October 24 – Prime Minister Imran Khan addresses to nation. APP

اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے خاتمے اور بدعنوان افراد کے کڑے احتساب کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی جو مرضی کر لے احتساب ضرور ہوگا، کان کھول کر سن لیں کسی کو این آر او نہیں ملے گا، بعض جماعتیں احتساب کا عمل رکوانے کے لئے دباﺅ ڈال رہی ہیں، کسی کرپٹ شخص کو نہیں چھوڑوں گا، عوام سے وعدہ کیا ہے کہ کرپٹ افراد کو جیلوں میں ڈالیں گے، کرپشن کو برداشت کرنے کی قیمت قوم کو ادا کرنا پڑتی ہے، قوم بالکل فکر نہ کرے، تھوڑی دیر کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، پاکستان کو کرپشن کے کینسر نے مفلوج کر دیا ہے، ہم اس کرپشن کے کینسر کو نکال رہے ہیں،کرپشن کے خاتمہ سے ملک بہت تیزی سے ترقی کرے گا، سعودی عرب سے زبردست پیکیج مل گیا ہے، مزید دوست ممالک سے بھی بات ہو رہی ہے، قوم کو جلد مزید خوشخبری سناﺅں گا، سرمایہ کاری، ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ کے لئے موثر اقدامات اٹھا رہے ہیں، غریب اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان جلد کیا جائے گا، پاکستان جلد قرض لینے کی بجائے قرض دینے والے ممالک کی صف میں شامل ہوگا، یمن میں لڑائی سے پوری مسلم امہ کو تکلیف ہے، ہم دو اسلامی ممالک میں ثالثی اور مسلمانوں کو یکجا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی شب قوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔