وزیراعظم عمران خان کا لیگل ریفارمز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اظہار خیال

240

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کمزور طبقوں کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، خواتین، بچوں اور گھریلو ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے ، شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کو آسان اور سہل انصاف کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، انصاف کی فراہمی کا عمل وسائل پر نہیں بلکہ ریاست کے احساس ذمہ داری اور رحم سے وابستہ ہے، آسان، سہل اور جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی جزو ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو لیگل ریفارمز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے وزیر اعظم کو لیگل ریفارمز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے بتایا کہ ریفارمز کا مقصد موجودہ قوانین میں ترامیم اور نئے قوانین کا نفاذ ہے تاکہ تحریک انصاف کے منشور کے تحت انصاف کے حصول کا عمل آسان ، کم خرچ اور تیز بنایا جا سکے، آسان، کم خرچ اور جلد انصاف کی فراہمی کے لیے ٹیکنالوجی سلو شنز کو متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ انصاف کی فراہمی میں عدالتوں کی معاونت کی جا سکے، ناداروں اور کمزور طبقوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے ریاست کی جانب سے قانونی معاونت کی فراہمی کے لیے قوانین متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وراثت میں حق کے حصول سمیت خواتین کے دیگر حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی قوانین متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ وزیر قانون نے بتایا کہ وسل بلوئر پروٹیکشن اینڈ ویجیلنس کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے جس کا مقصد کرپشن یا دیگر جرائم کی نشاندہی کرنے والوں کو نہ صرف تحفظ فراہم کرنا ہے بلکہ ان کو انعام سے نوازا جائے، سرکاری ملازمین کے سروس معاملات میں انصاف کے حصول کے عمل کو بھی آسان بنایا جا رہا ہے۔