وزیراعظم عمران خان کا مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے تاریخی جلسہ عام سے خطاب

مظفر آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ساری دنیا میں کشمیریوں کا سفیر بن کر جاﺅں گا اور ان کا مقدمہ لڑوں گا، کشمیریوں کو مایوس نہیں کروں گا، نریندر مودی جتنا مرضی ظلم کرلے کامیاب نہیں ہوگا، کشمیری عوام میں موت کا خوف ختم ہو چکا ہے، بھارت انہیں شکست نہیں دے سکتا، بھارتی مظالم کشمیر اور ہندوستان سمیت پوری دنیا …

مظفر آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ساری دنیا میں کشمیریوں کا سفیر بن کر جاﺅں گا اور ان کا مقدمہ لڑوں گا، کشمیریوں کو مایوس نہیں کروں گا، نریندر مودی جتنا مرضی ظلم کرلے کامیاب نہیں ہوگا، کشمیری عوام میں موت کا خوف ختم ہو چکا ہے، بھارت انہیں شکست نہیں دے سکتا، بھارتی مظالم کشمیر اور ہندوستان سمیت پوری دنیا کے سوا ارب مسلمانوں کو انتہاءکی طرف دھکیل دیں گے۔ بھارت نے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے دہشت گردی کے نام پر کوئی ڈھونگ رچایا تو اینٹ کا جواب پتھر سے آئے گا۔ اگر جنگ ہوئی تو ہماری قوم آخری دم تک مقابلہ کرے گی، عالمی برادری کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ریفرنڈم کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مظفر آباد میں منعقدہ تاریخی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل عامر محمود کیانی، سابق وزرائے اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری بھی موجود تھے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ مظفر آباد میں عوام کی جانب سے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہیں، میں نے دنیا میں کشمیر کا سفیر بننے کا فیصلہ کیا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ میں ایک پاکستانی، مسلمان اور انسان ہوں، کشمیر کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے، 40 دنوں سے ہمارے کشمیری بھائی، بہنیں، بزرگ اور بچے کرفیو میں بند ہیں، میں آج خاص طور پر نریندر مودی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تم بزدل ہو، صرف ایک بزدل انسان ہی دوسرے انسانوں پر اس طرح ظلم کرتا ہے جو آج کشمیر میں ہندوستان کی 9 لاکھ فوج کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی دلیر آدمی اور انسانیت رکھنے والا فرد ایسا ظلم نہیں کر سکتا جس طرح نریندر مودی اور آر ایس ایس کی جانب سے کشمیر کے بچوں اور عورتوں پر ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں نریندر مودی کو یہ پیغام بھی دینا چاہتا ہوں کہ جتنا مرضی ظلم کرلیں لیکن آپ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ کشمیری عوام میں موت کا خوف ختم ہو گیا ہے، اب انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔