وزیر اعظم عمران خان کا او آئی سی کے چودھویں سربراہ اجلاس سے خطاب

183

اسلام آباد ۔ یکم جون (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے او آئی سی کے تمام رکن ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ پیغمبر کی شان میں گستاخی کے معاملے اور اسلاموفوبیا کیخلاف سخت اور مضبوط موقف اختیار کریں‘ او آئی سی کو بین الاقوامی سطح پر اسلام کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنے کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے‘ مقبوضہ کشمیرمیں لوگوں کو شدید مظالم کا سامنا ہے‘ دنیائے اسلام مظالم کی روک تھام کے لئے متحد ہوجائے۔ہفتہ کو مکہ المکرمہ میں تنظیم کے چودھویں سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مسلمانوں کے عالمی فورم پر زوردیا کہ وہ مسلمانوں کے حقوق اور ان کے مذہبی جذبات کے تحفظ کے لئے موثرکردار ادا کرے۔سمٹ کی میزبانی اور صدارت خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کر رہے تھے۔ مغرب میں اسلام مخالف سرگرمیوں اورگستاخانہ موادکواوآئی سی کی ناکامی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنظیم کے غیرموثرکردارکے باعث مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد آزادی کو غیرقانونی اور اسلامی انتہا پسندی قرار دیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ پیغمبر کی شان میں گستاخی سے متعلق مضبوط اور سخت موقف او آئی سی کی ذمہ داری ہے۔