وزیراعظم عمران خان کا میانوالی ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

174

میانوالی ۔ 19 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا مقصد عام لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے، اس سلسلے میں ریلوے کو ترقی دے رہے ہیں، میانوالی ایکسپریس کے آغاز سے علاقے کے لوگوں کو آسان سفر کی سہولت میسر آئے گی، ایم ایل ون منصوبے سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب آئے گا، ملک کو لوٹنے والوں کے احتساب کا وعدہ پورا کریں گے، بے نامی جائیدادیں ضبط ہونا شروع ہو گئی ہیں، قوم کا لوٹا گیا پیسہ وصول کر کے غریبوں کی فلاح کے احساس پروگرام پر خرچ کیا جائے گا۔ وہ جمعہ کو یہاں میانوالی ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے میانوالی ایکسپریس کے آغاز پر میانوالی کے عوام کو مبارکباد دی اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1990ءکے بعد سے اس علاقے کے لوگوں کو سفر کے حوالے سے بہت مشکلات کا سامنا تھا، ہماری حکومت کا مقصد عام لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ ریل کا سفر عام آدمی کے لئے ہے، ان کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے آج نئی ٹرین کا آغاز کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تو اس وقت بہت مشکلات درپیش تھیں، گزشتہ حکمرانوں کی جانب سے دس سالوں میں لئے گئے قرضوں پر سود کی واپسی کے لئے ہمیں قرضے لینے پڑ رہے ہیں تاہم اب حالات بہتر ہو رہے ہیں، وسائل بڑھیں گے تو عام آدمی کو صحت، تعلیم اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام سہولیات فراہم کریں گے۔