وزیراعظم عمران خان کا نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب

62

اسلام آباد ۔ 8 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبہ سب سے اہم پروگرام ہے جس سے نہ صرف ملک میں گھروں کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ معاشی عمل تیز ہوگا، ہنرمندوں اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، پروگرام کے تحت کم آمدنی والے افراد اور غریب خاندانوں کا اپنی ذاتی رہائش کے حصول کاخواب پورا ہوگا، منصوبے میں سمندر پار پاکستانیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم، وزیر آبی وسائل فیصل واﺅڈا، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، رکن صوبائی اسمبلی علیم خان، سیکرٹری ہاﺅسنگ ڈاکٹر عمران زیب، چئیرمین نیا پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی لیفٹینٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل انعام حیدر ملک، چئیرمین سی ڈی اے عامر علی احمد و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام پر عمل درآمد کے حوالے سے قانونی، انتظامی و دیگر معاملات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو ہاﺅسنگ منصوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔