
اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اداروں کو سیاست سے الگ رکھنے، میرٹ کی بالادستی اور شفافیت کی حکومتی پالیسی بیورو کریسی کیلئے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے اور سیاسی وژن کو عملی جامہ پہنانے میں مناسب کردار ادا کرنے کیلئے بہت بڑا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے 109ویں نیشنل مینجمنٹ کورس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت سے بیورو کریسی پر قوم کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، انسانی سرمایہ، معدنیاتی دولت، تزویراتی محل وقوع اور دیگر وسائل سمیت ملک میں پائے جانے والی بے پناہ صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دستیاب وسائل کے بہتر انتظام، خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور سب سے بڑھ کر اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قوم کی خدمت کے جذبہ اور عزم کی ضرورت پر زور دیا۔ مختلف پیشہ وارانہ گروپوں اور کیڈرز سے تعلق رکھنے والے سینئر سول افسران سے ہونے والی ملاقات بعد ازاں باہمی مکالمہ کی نشست میں بدل گئی جس میں وزیراعظم نے شرکاءکو اپنے وژن سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے سوالات کے جواب دیئے۔