وزیراعظم عمران خان کا نیویارک سے واپسی پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر استقبال کے لئے آنے والے شرکاءسے خطاب

103

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مودی کی فاشسٹ اور مسلمانوں سے نفرت کرنے والی حکومت کو دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر بے نقاب کریں گے، برے وقت میں اہل پاکستان کو گھبرانا یا مایوس نہیں ہونا، کشمیر کے لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، دنیا ان کے ساتھ کھڑی ہو نہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا رہے گا، جب تک ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں وہ اپنی جدوجہد میں ضرور کامیاب ہوں گے اور آزادی ملے گی۔ اتوار کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے ولولہ انگیز اور پراثر تاریخی خطاب کے بعد وطن واپس لوٹنے پر نیواسلام آباد ائرپورٹ پر ملک بھر سے آئے ہوئے تحریک انصاف کے کارکنوں ، سیاسی اور مذہبی رہنماﺅں نے ان کا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا۔ اس دوران ائرپورٹ کی فضائیں ”کون بچائے گا پاکستان، عمران خان عمران خان“، ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کے نعروں سے گونجتی رہیں۔ خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان، سندھ کے گورنر عمران اسماعیل، وفاقی و صوبائی وزرائ، اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کی بڑی تعداد بھی ان کے استقبال کے لئے موجود تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے استقبال کے لئے آنے والے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی قوم کے شکرگزار ہیں کہ جنہوں نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں جو کہ اس وقت مشکل وقت میں ہیں، ان کا کیس بھرپور انداز میں پیش کرنے کے لئے کامیابی کی دعائیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خاص طور پر اپنی اہلیہ بشریٰ بیگم کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ان کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دنیا ان کے ساتھ کھڑی ہو نہ ہو پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کے اوپر جو ظلم ہو رہا ہے، ہم ان کے ساتھ اللہ کی خوشنودی اور رضا کے لئے کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ 80لاکھ کشمیریوں کو ہندوستان کی فوجوں نے کرفیوں میں بند کر کے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قوم کو ایک چیز سمجھنا چاہتے ہیں کہ جوجدوجہد ہوتی ہے اس میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، اچھا اور برا وقت آتا جاتا ہے، تاہم برے وقت میں آپ نے مایوس نہیں ہونا، کشمیر کے لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں جبکہ آپ ان کے ساتھ کھڑے ہیں وہ اس جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وہ انشاءاللہ کامیاب ہونگے اور انہیں آزادی ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایک بار پھر قوم سے کہتے ہیں کہ جب آپ جدوجہد کرتے ہیں تو اس میں اچھا اور برا وقت آتا ہے تاہم برے وقت میں گھبرانا نہیں، آپ گھبرائیں گے تو کشمیر میں بوڑھے، بچے ، عورتیں اور جوان آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں یہ وعدہ کرتا ہوں کہ میں نے اپنے آپ کو کشمیر کا سفیر قرار دیا ہے، اس لئے میں مودی کی فاشسٹ کی حکومت اور مسلمانوں سے نفرت کرنے والی حکومت کو ہر فورم پر دنیا کے سامنے بے نقاب کروں گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جو بھی میرے ساتھ 30سال سے سفر کے ساتھی ہیں ان سب کو ایک پیغام ہے کہ انسان کوشش کرتا ہے اسے کامیابی اللہ کی ذات دیتی ہے۔