نیویارک ۔ 23 ستمبر (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنگ سے مسائل کے حل پر یقین نہیں رکھتا، اس سے اگر ایک مسئلہ حل ہوتا ہے تو کئی دیگر مسائل جنم لیتے ہیں، سفارتکاری کے ذریعے مسائل کوحل کرنے کے حق میں ہوں، اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ لے کر جاﺅں گا، صدر ٹرمپ سمیت عالمی رہنماﺅں سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر سے کرفیو کے اٹھائے جانے کیلئے کردار ادا کرنے کا کہوں گا، صدر ٹرمپ سے ملاقات کے دوران افغان امن عمل دوبارہ بحال کرنے کیلئے انہیں قائل کرنے کی پوری کوشش کروں گا، ہندوستان میں ہندو بالادستی کا نظریہ مہاتما گاندھی کے نظریہ کا قتل ہے، اسلام صرف ایک ہی ہے اور وہ محمد عربی کا اسلام ہے جس میں تمام انسان مساوی حقوق رکھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ایک یہودی مدینہ کی ریاست کے سربراہ کے خلاف مقدمہ کر سکتا تھا، چین نے کبھی پاکستان کی خارجہ یا داخلہ پالیسی میں مداخلت نہیں کی۔ وہ پیر کو فارن ریلیشن کونسل کے مباحثہ میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جیمز مینڈس نہیں سمجھتے کہ پاکستان میں انتہاءپسندی کیوں آئی؟ پاکستان نے روس کے خلاف امریکہ کے ساتھ مل کر مزاحمت کی، روس جب افغانستان پر حملہ آور ہوا تو دنیا بھر سے مسلمانوں نے روس کے خلاف افغانستان میں آ کر جہاد کیا، تب یہ مجاہدین تھے لیکن بعد ازاں نائن الیون کے واقعہ کے بعد انہیں دہشت گرد قرار دیا گیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار پاکستانیوں نے اپنی جان کی قربانی دی، افغانستان سے روس کے نکل جانے کے بعد امریکہ نے پاکستان کو تنہا چھوڑ دیا، نائن الیون کے بعد پھرامریکہ کو پاکستان کی ضرورت پڑی، جن افراد کو روس کے خلاف جہاد کی تربیت دی گئی انہی کو نائن الیون میں دہشت گرد قرار دیا گیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو 200 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا، پاکستان میں مذہبی انتہاءپسندی کی جڑیں روس کے خلاف مزاحمت کے زمانے کی ہیں، سابق صدر جنرل پرویز مشرف پر دو مرتبہ حملے کئے گئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں واحد شخص ہوں جس کا ہمشیہ مو¿قف رہا کہ مسئلہ افغانستان کا فوجی حل ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں افغان تاریخ سے واقف ہوں، افغانستان میں میں کبھی بیرونی طاقت قبضہ نہیں کر سکی، صدر ٹرمپ کو بھی یہی بتایا کہ افغانستان کا فوجی حل ممکن نہیں، پاکستان میں اس وقت بھی 27 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین رہائش پذیر ہیں، پاک افغان سرحد پر پہلی بار باڑ لگائی جا رہی ہے، پاکستان افغان مہاجرین کی وجہ سے اپنی سرحد مکمل بند نہیں کر سکتا، افغانستا میں صدر ٹرمپ کی کوششوں سے امن معاہدہ پر دستخط ہونے والے تھے، بدقسمتی سے افغانستان میں امن معاہدہ آخری لمحات میںطے نہ پا سکا، افغانستان میں پائیدار امن سیاسی مذاکرات سے ہی ممکن ہے، افغانستان میں سیاسی مذاکرات کی کامیابی بہت ہی مشکل مرحلہ ہے، میرے خیال میں طالبان پورے افغانستان پر کنٹرول نہیں رکھ پائیں گے، افغانستان میں ہر روز بم دھماکوں میں بے گناہ جانیں ضائع ہو رہی ہیں، ہر ذی شعور شخص افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔