وزیراعظم عمران خان کا وزارتِ دفاعی پیداوار کے بارے میں بریفنگ کے موقع پر اظہارخیال

86
APP96-13 ISLAMABAD: November 13 - Prime Minister Imran Khan chairing a briefing by Minister of Defence Production at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت وزارت دفاعی پیداوار کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی، اس شعبہ کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیلئے وزارت دفاعی پیداوار کی مختلف سرگرمیوں میں نجی شعبہ کو شامل کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، گوادر شپ یارڈ کی تعمیر کےلئے وفاقی حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بات منگل کو وزیراعظم آفس میں وزارتِ دفاعی پیداوار کے بارے میں بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی، سیکرٹری دفاعی پیداوار لیفٹینٹ جنرل (ر) محمد اعجاز چوہدری اور سینئر افسران شریک تھے۔ سیکرٹری دفاعی پیداوار نے وزیرِاعظم کو وزارت اور اس سے منسلک اداروں کے فرائض اور کارکردگی پر تفصیلی آگاہ کیا۔ اجلاس کے دوران وزارت سے متعلقہ دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِاعظم عمران خان نے وزارتِ دفاعی پیداوار اور اس سے منسلک اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ کمرشل و دیگر سماجی سرگرمیوں کے شعبوں میں حاصل ہونے والی کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں۔