وزیراعظم عمران خان کا وزیراعظم آفس میں ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ایڈمنسٹریٹرز کے 80ویں اجلاس سے خطاب

103
APP119-04 ISLAMABAD: April 04 - Prime Minister Imran Khan chairs 80th Meeting of the Board of Administrators of Export Development Fund (EDF) at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کا اقتصادی مستقبل برآمدات میں اضافہ سے وابستہ ہے جو ابھی تک حقیقی صلاحیت سے بہت نیچے رہی ہیں، موجودہ حکومت محصولات کی وصولی کے حوالہ سے صنعتی مسابقت کو ترجیح دے رہی ہے، حکومت پالیسی سازی کے عمل میں کاروباری برادری کو ساتھ لے کر چلے گی۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ایڈمنسٹریٹرز (ای ڈی ایف) کے 80ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ریونیو کی وصولی پر بے جا زور دیئے جانے کی حامل اقتصادی پالیسیوں نے صنعت کو غیر مسابقانہ بنا دیا تاہم موجودہ حکومت محصولات کی وصولی کے حوالہ سے صنعت کی مسابقت کو ترجیح دینے کی نمایاں تبدیلی لے کر آئی ہے۔ وزیراعظم نے گذشتہ برسوں کے دوران ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی وصولی اور اجراءمیں عدم مطابقت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے بروقت اجراءکو رواں مالی سال کے دوران یقینی بنایا جائے جو درحقیقت برآمد کنندگان کا سرمایہ ہوتا ہے جبکہ مستقبل میں ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے بلارکاوٹ اجراءاور مناسب استعمال کو یقینی بنانے کیلئے جامع نظام وضع کیا جائے۔ ای ڈی ایف کے بورڈ آف ایڈمنسٹریٹرز نے ای ڈی ایف بورڈ کی فنانس کمیٹی کی تشکیل نو بھی کی جس کی صدارت وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت کریں گے۔ اجلاس نے 11 سے 14 اپریل 2019ءکو لاہور ایکسپو سنٹر میں ”ٹیکسپو ایگزیبیشن 2019ئ“ کے انعقاد کیلئے بجٹ اور نظام الاوقات کی منظوری دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ای ڈی ایف بورڈ میں سیکرٹری ٹیکسٹائل ڈویژن رکن کی حیثیت سے شامل ہوں گے تاکہ ملک کی برآمدات کے حوالہ سے ایک بڑے حصہ دار کی حیثیت سے ٹیکسٹائل شعبہ کی نمائندگی یقینی ہو۔ ملک کے ممتاز کاروبار افراد سے مخاطب ہوتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پالیسی سازی کے عمل میں کاروباری برادری کو ساتھ لے کر چلتی رہے گی اور ان کی آراءحکومت کو پالیسی ڈھانچہ میں مزید بہتری اور کاروباری افراد و برآمد کنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینے میں معاون ہوں گی۔