وزیراعظم عمران خان کا وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے اپنی قوم سے وعدہ کیا ہوا ہے کہ جتنے بھی کرپٹ لوگ ہیں ان سب کو پکڑنا ہے، جب تک کرپشن ختم نہیں ہو گی ملک دلدل سے باہر نہیں نکل سکتا، ہمیں مشکل دور سے نکلنا ہے، کرپشن کی نشاندہی کرنے والوں کو 20 فیصد انعام دیئے جانے کے حوالے سے قانون …

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے اپنی قوم سے وعدہ کیا ہوا ہے کہ جتنے بھی کرپٹ لوگ ہیں ان سب کو پکڑنا ہے، جب تک کرپشن ختم نہیں ہو گی ملک دلدل سے باہر نہیں نکل سکتا، ہمیں مشکل دور سے نکلنا ہے، کرپشن کی نشاندہی کرنے والوں کو 20 فیصد انعام دیئے جانے کے حوالے سے قانون آئندہ چند دنوں میں منظور کرایا جائے گا، بجلی اور گیس کے خسارے کم کرنے کے لئے ان کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑے گا، تمام اداروں میں اصلاحات اور تشکیل نو کی جا رہی ہے جس کے ثمرات عوام تک آئندہ تین سے چھ ماہ تک پہنچنا شروع ہوں گے، سو دن کے بعد وزراءکی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، جن لوگوں پر نیب میں مقدمات ہیں یہ کیسز بہت پہلے ختم ہو جانے چاہئے تھے، 22 سال سے عوام کو یہ کہہ رہا ہوں کہ پاکستان کے مسائل کی بنیادی وجہ کرپشن ہے، جن لوگوں نے ہمارے بچوں کا حق مارا ہے انہیں بنیادی سہولیات سے محروم کیا ہے ان میں سے ایک ایک کو پکڑنا ہے اس کے لئے چاہے وہ جمہوریت کے خطرے کے ڈھنڈورے پیٹیں‘ ملک میں سرمایہ کاری لے کر آ رہے ہیں، گورننس کا نظام بہتر بنا رہے ہیں، بجلی چوری روکیں گے، بجلی کی پیداوار بڑھائیں گے، ٹرانسمیشن لائنیں بہتر بنائیں گے۔ اتوار کو لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ایماندار آدمی اور تبدیلی کا نام ہے، پنجاب کے وزرائے اعلیٰ میں سے عثمان بزدار سب سے کامیاب وزیرا علیٰ ہوں گے، عثمان بزدار پسماندہ علاقے سے تعلق رکھتے ہیں، یہ اپنے علاقے کے مسائل جانتے ہیں، تبدیلی یہ ہے کہ ہمارا وزیر اعلیٰ علاج کے لئے باہر نہیں جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب کو علم ہے کہ خراب پانی پینے سے کتنے مسائل پیدا ہوتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ یہ ایک ایماندار آدمی ہے اور میں بے خوف ہوں کہ یہ بدعنوانی نہیں کرے گا، سب سے بڑا بجٹ پنجاب کا ہے، پنجاب میں دس سالوں میں آٹھ ہزار ارب روپے خرچ ہوئے ہیں، صرف لاہور کا سالانہ ترقیاتی بجٹ خیبرپختونخوا سے تین گنا بڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ چار چار سال اپنے ایم پی ایز اور ایک ایک سال اپنے وزراءسے نہیں ملتے تھے۔