وزیراعظم عمران خان کا پبلک سروسز کی نگرانی اور بہتری کیلئے ٹائیگر فورس کے رضاکاروں سے مدد لینے کا فیصلہ

77

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پبلک سروسز کی نگرانی اور بہتری کیلئے ٹائیگر فورس کے رضاکاروں سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے، معاون خصوصی عثمان ڈار نے مستقبل کی منصوبہ بندی پر مبنی جامع پلان پیش کر دیا، وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کے ذریعے ای گورننس سسٹم لانے کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ٹائیگر فورس ای گورننس پلان پر مشاورت کی گئی ہے۔ ٹائیگر فورس کے نوجوان مقامی سطح پر گورننس کے معاملات کو رپورٹ کر سکیں گے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور صحت کی سہولیات سے متعلق حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔ پناہ گاہوں, مارکیٹوں, تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر سروسز کی فراہمی رپورٹ ہوگی۔ تھانے کچہری, لینڈ ریکارڈ, بجلی چوری اور عوامی شکایات پر بھی نظر رکھ سکیں گے۔ سروسز کی فراہمی سے انکار یا رشوت ستانی کی کوشش کو رپورٹ کیا جا سکے گا۔ وزیراعظم کو ٹائیگر فورس کی پناگاہوں اور پرائس کنٹرول سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ میں پناہ گاہوں میں ملنے والی سہولیات اور مسائل سے آگاہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کا ٹائیگر فورس کی ممبر شپ کالجز اور یونیورسٹیز تک لے جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے عثمان ڈار کو تعلیمی ادارے کھلتے ہی ممبر شپ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا گورننس سسٹم بہتر کرنے کیلئے نوجوانوں کا تعاون درکار ہے۔ نوجوانوں کو گورننس سسٹم کی بہتری میں کردار ادا کرنے کا موقع دیں گے۔عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوان ملک کی بہتری کیلئے اپنی خدمات ہیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ممبر شپ کھولنے کے چند دن میں 1 لاکھ نئے ممبرز ٹائیگر فورس میں شامل ہوئے۔ انشااللہ گورننس میں بہتری کا انقلابی منصوبہ کامیاب ہو گا۔ وزیراعظم کی ٹائیگر فورس ای گورننس ایپ کی تیاری پر پنجاب آئی ٹی بورڈ کو مبارکباد دی ہے۔