وزیراعظم عمران خان کا پنجاب کی صوبائی کابینہ کے اراکین سے خطاب

لاہور ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو لاہور میں پنجاب کی صوبائی کابینہ سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پنجاب کابینہ کو بلدیاتی نظام کے نفاذ اور ہاﺅسنگ پروگرام پر اعتماد میں لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کابینہ کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پرانے بلدیاتی نظام میں موجود خامیوں کو دور کر کے نیا نظام لائے گی، …

لاہور ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو لاہور میں پنجاب کی صوبائی کابینہ سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پنجاب کابینہ کو بلدیاتی نظام کے نفاذ اور ہاﺅسنگ پروگرام پر اعتماد میں لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کابینہ کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پرانے بلدیاتی نظام میں موجود خامیوں کو دور کر کے نیا نظام لائے گی، بلدیاتی نظام کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے تاکہ مقامی لوگوں کے پاس نچلی سطح پر اقتدار ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام سے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہو گی، بلدیاتی نظام میں مالی بے قاعدگیوں پر مکمل چیک ہو گا۔ وزیراعظم نے پنجاب کابینہ کو ہدایت کی کہ اس نظام سے متعلق بروقت قانون سازی کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ضمنی الیکشن تحریک انصاف کے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں اس میں کامیابی کے لئے بھرپور عوامی مہم چلائی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نظام میں بہتری کے لئے مشکل فیصلے کرنا پڑیں گے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کابینہ کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف مہم میں کسی غریب آدمی کو بے جا زحمت نہ دی جائے۔