وزیراعظم عمران خان کا کراچی میں باغ ابن قاسم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

130
APP12-30 KARACHI: March 30 - Prime Minister Imran Khan addressing the Inauguration Ceremony of Renovated Bagh Ibn-e-Qasim Park at Clifton. APP photo by Syed Abbas Mehdi

کراچی۔ 30 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ شہروں کا پھیلاﺅ روکنے کےلئے کثیرالمنزلہ عمارتیں بنانی ہیں ، پانچ سال میں 10ارب درخت لگانے کا ہدف ہے، کراچی کی مقامی حکومت اور سندھ حکومت کے ساتھ مل کر سندھ میں بھی درخت لگائیں گے، پرانے جنگلات سے بڑے بڑے درخت کاٹ دیے گئے اور ان پر قبضے کرلئے گئے ،ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کو نہ صرف کھیل کے میدان بلکہ صاف شفاف ماحول بھی دینا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتے کو یہاں کراچی میں باغ ابن قاسم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔عمران خان نے کہا کہ کراچی کی خوبصورتی کو ہم نے مسلسل کم ہوتے دیکھا، جب ہم ہریالی ختم کردیتے ہیں تو گرمی کی شدت بڑھ جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ کراچی کے لوگوں نے گذشتہ دنوں جتنی گرمی دیکھی ہے اتنی پہلے کبھی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جو جگہ آپ نے قبضہ گروپوں سے بچائی اورپارک بنایا یہ قابل تحسین ہے، کراچی میں جب گرمی پڑتی ہے تو شام کو فیملیز باہر نکلنا چاہتی ہیں، یہاں شام کا موسم بہت اچھا ہوتا ہے،اس شہر کے لوگوں کےلئے بہت ضروری ہے ہم ان کےلئے گرین ایریازکو بچائیں اور مزید گرین ایریاز بنائیں، کراچی کے اندر بچوں کےلئے کھیلوں کے گراﺅنڈ ہونے چاہئیں، گذشتہ روز جاوید میانداد سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ جن کھیلوں کے میدانوں میں وہ کھیلتے تھے ان پربھی قبضے ہوچکے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ ہمارے بچوں اور آنے والی نسلوں کےلئے نہ صرف کھیل کے میدان ہوں بلکہ انہیں ماحول بھی اچھا ملنا چاہیے اور یہاں پارکس بھی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عمارتوں کو بلندی کی طرف لے کر جانا ہے جب عمارتیں پھیلتی ہیں تو گرین ایریاز ختم ہوجاتے ہیں اوردرجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوتا ہے، ہمیں پارکس کےلئے اور زیادہ کام کرنا ہوگا، پانچ سالوں میں سارے پاکستان میں 10ارب درخت لگانے کے منصوبے کے حوالے سے وفاقی وزیر ماحولیات ملک امین اسلم کو ہدایت کر رکھی ہے کہ کراچی اور سندھ میں بھی مقامی اور صوبے کی حکومت کی مدد سے درخت لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سروے کرایا تو پتہ چلا کہ بڑے بڑے جنگلات پر قبضے ہوئے ہیں یہ صرف سندھ میں نہیں بلکہ پنجاب میں بھی ہم دیکھ رہے ہیں کہ بڑے بڑے درخت کاٹے گئے ہیں اور زمینوںپر قبضہ کیا گیا ہے،کاشتکاری کےلئے لیز کے نام پر جنگلات کاٹ کر طاقتور قبضہ گروپوں نے قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کے اعتبار سے پاکستان ابتدائی دس ممالک میں آٹھویں نمبر پر ہے۔