اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں چینی قونصل خانے اور لوئر اورکزئی ایجنسی میں دہشت گرد حملوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ جمعہ کو اپنے جاری کردہ بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں چینی قونصل خانے کے باہر فائرنگ کے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ اس افسوسناک واقعہ کے پس پردہ عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔ یہ واقعہ پاک چین اقتصادی اور سٹریٹیجک تعاون کے خلاف سازش کا حصہ ہے تاہم اس قسم کے واقعات پاک چین تعلقات کو متاثر نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور بحیرہ ءعرب سے گہری ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کراچی پولیس اور رینجرز نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم شہداءاور ان کے رفقائے کار کو جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ وزیراعظم نے لوئر اورکزئی ایجنسی میں دہشت گردی کے حملے کی بھی مذمت کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی کی دعا کی اور غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ دریں اثناءوزیراعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ بات مجھ پہ نہایت واضح ہے کہ چینی قونصل خانے اور لوئر اورکزئی ایجنسی میں یہ حملے سوچی سمجھی مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد ان عناصر کی طرف سے ملک میں بے چینی پیدا کرنا ہے جو پاکستان کو خوشحال ہوتا ہوا دیکھنے کے خواہاں نہیں۔