اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کے سامنے کوئی چیز ناممکن نہیں ہے، ہمیں اﷲ تعالیٰ نے ہر قسم کے وسائل سے مالا مال ملک دیا، ہم مادر وطن کو وہ ملک بنائیں گے جس کا خواب شاعر مشرق علامہ اقبال نے دیکھا تھا اور ایک عظیم قوم بنیں گے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو یوم اقبال کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ 9 نومبر علامہ محمد اقبال کی سالگرہ کا دن ہے اور اس موقع پر وہ علامہ اقبال کے فلسفے کے ایک پہلو پربات کرنے کے خواہاں ہیں کیونکہ اقبال کا فلسفہ تو ایک سمندر ہے، اس کے کئی پہلوﺅں پر بات ہوسکتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فلسفہ اقبال کے جس پہلو پر وہ بات کرنا چاہتے ہیں وہ اقبال کا شاہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے جس کو شاہین سے تشبیہہ دی وہ ایک ایسا انسان تھا جو اپنی ذاتی اناءاور خوف سے ذہنی طور پر آزاد ہوگیا تھا اور پھر وہ باقی انسانوں سے بلند تر ہوتا گیا۔ اقبال کا شاہین وہ لوگ تھے جنہیں پیغمبراسلام حضرت محمدﷺ نے آزاد کیا تھا اور پھر وہ عظیم انسان بن گئے، ان کے سامنے بڑی بڑی طاقتیں ختم ہوگئیں اور انہوں نے ایک ریاست قائم کی اور ایک ایسی تہذیب کی بنیاد رکھی جو دنیا پر حاوی ہوگئی۔