وزیراعظم عمران خان کا 1124 میگاواٹ کے کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے سہ فریقی معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب

212

اسلام آباد ۔ 25 جون (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے 1124 میگاواٹ کے کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے تاریخی سہ فریقی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے آج کا دن بہت اہم ہے، پن بجلی کے منصوبوں سے روزگارکے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ اس سے صاف اور سستی بجلی بھی میسر آئے گی۔ وہ جمعرات کو یہاں 1124 میگاواٹ کے کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے سہ فریقی معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے، معاہدے کے تحت پن بجلی کے اس منصوبے پر 2.4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تاریخی معاہدہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نامور کمپنی تھری گارجیز کی اس منصوبہ میں شمولیت خوش آئند ہے، منصوبے پر 2.4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں پن بجلی کی پیداوار کی بڑی صلاحیت موجود ہے، پاکستان میں جب تک پانی سے بجلی پیدا ہوتی رہی تو اس کی قیمت کم تھی جس کے نتیجہ میں سستی بجلی میسر آنے کے ساتھ ساتھ ترقی کی رفتار بھی تیز رہی لیکن بعد ازاں درآمدی ایندھن پر انحصار بڑھنے سے بجلی کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں، اس کے زرمبادلہ کے ذخائر، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سستی اور صاف توانائی کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تیل سے بجلی بنانے سے ماحول پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں، ہمیں صاف اور سستی بجلی کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لئے یہ منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے، اس سے ملک میں صاف توانائی کے رجحان میں اضافہ ہو گا جبکہ تعمیرات اور پن بجلی کے منصوبوں سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہو گا اور آزاد کشمیر سمیت پورے ملک کو اس کا فائدہ ہو گا۔