وزیراعظم عمران خان کسی کو بھی این آر او نہیں دیں گے، کورونا کے بعد پورے خطے میں مہنگائی بڑھی ، عثمان ڈار

48
وفاقی دارالحکومت میں لوگوں کے ایک بڑے اجتماع کو دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں کی بے چینی بڑھ گئی ہے،معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار

اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کسی کو بھی این آر او نہیں دیں گے، کورونا کے بعد پورے خطے میں مہنگائی بڑھی ہے، مہنگائی کے چیلنج کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اگر غریب عوام کی بات کرے، آئینی اصلاحات، انتخابی اصلاحات کی بات کرے تو ہم بات چیت کے لئے تیار ہیں لیکن اگر یہ اپنے کیسز پر بات کرتے ہیں اور این آر او مانگتے ہیں تو ان سے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ووٹ کو عزت دو کی بات کبھی بھی دل سے نہیں کیاور یہ لوگ صرف این آر او حاصل کرنے کے لئے سازشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنے ذاتی مقاصد کے حصول کے لئے عوام کو گمراہ کر رہی ہے اور اس طرح کے جلسوں سے کبھی حکومت گھر نہیں جاتی۔ عثمان ڈار نے کہا کہ کورونا وباءکے بعد پورے خطے میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، حکومت مہنگائی کے چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گندم اور شوگر مافیا کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے بلکہ ان مافیاز کا مقابلہ کر رہی ہے اور بہت جلد صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ چینی بحران کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ طلب اور رسد کے حوالے سے جو فرق آیا ہے اس کو جلد ختم کر دیا جائے گا اور چینی کی قیمتیں اب کم ہو رہی ہیں۔