اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کل منگل کو احساس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پورٹل ’ڈیٹا فار پاکستان“ کا افتتاح کریں گے۔ تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ احساس ڈیٹا فار پاکستان ملک میں اپنی طرز کا واحد پروگرام ہے جس کے تحت ایک وسیع انٹرا ایکٹو پورٹل تک ہر خاص و عام کی رسائی کو آسان بنایا گیا ہے۔ ڈیٹا فار پاکستان میں ملک کے تمام اضلاع کا غربت کی شرح سے متعلق ڈیٹا موجود ہے، اس میں 120 ڈویلپمنٹ اور پالیسی سے متعلق اشاریوں کو شامل کیا گیا ہے۔ احساس ضلعی ترقیاتی پورٹل میں 2004ءتا 2018ءکے دوران کا غربت اور ڈویلپمنٹ کی شرح کا ضلعی سطح کا ڈیٹا شامل کیا گیا ہے۔ احساس حکمت عملی کے تحت ’ڈیٹا فار پاکستان پورٹل‘ کو عالمی بینک کے تعاون سے تشکیل دیا گیا ہے جو سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈویژن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہو گا۔ احساس ڈیٹا فار پاکستان پورٹل وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر اداروں کے فیصلہ سازی کے عمل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق انٹر ایکٹو نقشے، پورٹل استعمال کرنے والے صارف کو ملک کے مختلف ضلع میں غربت کی شرح کا درست تجزیہ ثابت کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ پورٹل پر کسی بھی ضلع کو کلک کر کے اس سے متعلق ڈیٹا اور اشاریوں کے حوالے سے آگاہی حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ صارف صوبوں یا ضلعوں کے سب سیٹس کا انتخاب کر کے مزید معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ نقشوں کو ڈاﺅن لوڈ یا پرنٹ بھی کر سکے گا۔