وزیراعظم عمران خان کو پاکستان شماریات بیورو کی طرف سے افراط زر اور کورونا وبا کے سماجی و معاشی اثرات پر بریفنگ

83

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل نظام سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کرنے اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی جانچنے میں مدد ملے گی،اس نظام سے فیصلہ سازی کے عمل میں شفافیت کا عنصر نمایاں ہوگا، حکومت نے کورونا وبا کے دوران غریب اور مزدور طبقے کو ریلیف فراہم کرنے پر مسلسل توجہ مرکوز رکھی، پوری دنیا نے ہمارے اقدامات کو سراہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان شماریات بیورو کی طرف سے افراطِ زر کی شرح کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ سازی کے نظام اور کورونا وبا کے سماجی اور معاشی اثرات پر بریفنگ کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشسریات سنیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر صنعت محمد حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی محصولات ڈاکٹر وقار مسعود اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ ممبر ادارہ شماریات نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ افراطِ زر کی شرح کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومتی فیصلہ سازی کے لئے ڈیجیٹل نظام مرتب کیا گیا ہے، اس نظام کے تحت شماریات بیورو اشیائے ضروریہ کا ڈیٹا ملک بھر کے اضلاع سے حاصل کرتا ہے اور اس کا تقابلی جائزہ مرتب کرتا ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ یہ نظام وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے تحت بنایا گیا ہے جس کی بدولت بروقت فیصلہ سازی ممکن ہو سکے۔ اس نظام سے قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی، وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو بروقت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے اعداد وشمارمیسر آئیں گے جس سے بروقت فیصلہ سازی ممکن ہوسکے گی۔وزیر اعظم نے ڈیجیٹل نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نظام سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کرنے اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی جانچنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس نظام سے فیصلہ سازی کے عمل میں شفافیت کا عنصر نمایاں ہوگا۔وزیر اعظم کو کورونا وبا کے سماجی اور معاشی اثرات کے حوالے سے کئے گئے سروے پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اس سروے میں روزگار، آمدن، ترسیلات، خوراک، صحت اور کورونا سے نمٹنے کے لئے اقدامات کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا۔ اس سروے کے مطابق کورونا وبا کے آغاز میں زیادہ گھرانے معاشی طور پر متاثر ہوئے تاہم حکومت کے بروقت اقدامات اور سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی سے یہ شرح جولائی 2020 سے کمی کی طرف گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے کورونا وبا کے دوران مسلسل توجہ غریب اور مزدور طبقے کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز رکھی۔وزیراعظم نے کہاکہ عالمی معیشت کورونا وبا سے متاثر ہوئی تاہم اللہ تعالیٰ کی مدد اور حکومت کے بروقت اقدامات سے پاکستان اس مشکل صورتحال سے نبردآزما ہوا اور پوری دنیا نے ہمارے اقدامات کو سراہا ہے۔