وزیراعظم عمران خان کو یورپین پارلیمنٹ کے صدر انتونیو تاجانی کا ٹیلی فون

122

اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کو یورپین پارلیمنٹ کے صدر انتونیو تاجانی نے منگل کو ٹیلی فون کیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کے احترام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کےلئے انفرادی بات چیت کے ساتھ ساتھ ہم آہنگی کے فروغ کےلئے ڈائیلاگ ناگزیر ہیں۔ یورپین پارلیمنٹ کے صدر انتونیو تاجانی نے آسیہ بی بی اور ان کے خاندان کی سیفٹی اور سکیورٹی یقینی بنانے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ یورپین پارلیمنٹ حکومت پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور بتایا کہ یورپین پارلیمنٹ میں آسیہ بی بی کے حوالے سے بحث ملتوی کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلہ کا مکمل احترام کرتی ہے‘ بطور پاکستانی شہری آسیہ بی بی اور ان کے اہلخانہ کو پاکستان کے آئین میں دیئے گئے تمام حقوق حاصل ہیں۔ وزیراعظم نے حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کی جانب سے حضرت محمد کے گستاخانہ خاکوں کے مقابلوں کے حوالہ سے تحفظات سے آگاہ کیا اور زور دیا کہ یورپی ممالک اس طرح کی اشتعال انگیز واقعات سے بچنے کےلئے مسلمانوں کی مذہبی حساسیت بالخصوص حضرت محمد کی عزت و احترام کےلئے آگاہی بیدار کرنے کےلئے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ وزیراعظم عمران خان نے یورپین کورٹ آف ہیومن رائٹس کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا جس میں کہا گیا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں گستاخانہ عمل کی اجازت نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپی ممالک یورپی عدالت کے فیصلے پر عمل کریں گے اور ایک دوسرے کے مذہب اور بین المذہب ہم آہنگی کے احترام کو بڑھانے کےلئے اقدامات کریں گے ۔