وزیراعظم عمران خان کو یورپی کونسل کے صدر کا ٹیلیفون ، پشاور میں مسجد پر دہشت گردانہ حملے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہارتعزیت ، یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال

73

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کو یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے پیر کو ٹیلیفون کیا،پشاور میں مسجد پر دہشت گردانہ حملے میں قیمتی جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار اور یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق یورپی کونسل کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے یوکرین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے جاری فوجی تنازعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مزید کشیدگی خطے اور دنیا پر انتہائی منفی اثرات مرتب کرے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ترقی پذیر ممالک پر تنازعات کے منفی معاشی اثرات کو مسلسل اجاگر کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یہ اصولی موقف ہے کہ وہ صرف امن کا شراکت دار ہوگا۔ وزیر اعظم نے جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی اور یوکرین میں شہریوں کے لئے انسانی امداد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے روس اور یوکرین کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں اور اس کا دونوں فریقین سے قریبی رابطہ رہا ہے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ تنازعہ کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کر لیا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان جیسے ممالک ان کوششوں میں سہولت کار کا کردار ادا کر سکتے ہیں اور یہ کہ دونوں فریق مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کے لئے قریبی رابطہ برقراررکھیں گے۔

پاکستان کے یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ یورپی یونین کی قیادت سے ملاقات کے لئے اپنے دورہ برسلز کے منتظر ہیں۔ انہوں نے صدر چارلس مشیل کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔