وزیراعظم عمران خان کی اپنے وفد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی ، امت مسلمہ اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی

167

مکہ المکرمہ۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے اپنے تین روزہ دورہ کے دوران پہلے روز ہفتہ کی رات وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے امن اور خوشحالی کے علاوہ امت مسلمہ کے لئے دعا کی۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان مدینہ منورہ پہنچے جہاں پر مدینہ منورہ میں مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر شہزادہ فیصل بن الخالد السعود نے وزیراعظم کااستقبال کیا ۔

مدینہ منورہ آمد کے فوری بعدوزیراعظم عمران خان نے مسجد نبویﷺ میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور نوافل ادا کئےاور ملک کی ترقی اور خوشحالی کےلئے دعا کی۔

وزیراعظم عمران خان جب جدہ پہنچے تو مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر شہزادہ بدر بن سلطان السعود نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے تین روزہ دورہ پر ریاض میں ہونے والی مڈل ایسٹ گرین اینیشی ایٹو این جی آئی اعلی ٰ سطحی اجلاس میں شرکت کےلئے پہنچے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سعود ی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سعودی عرب میں گرین اینیشی ایٹو این جی آئی اعلی ٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے علاوہ سرمایہ کاری فورم بھی شرکت کریں گے اور سعودی قیادت سے ملاقات بھی کریں گے۔

توقع ہے کہ وزیراعظم سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہی وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر توانائی حماد اظہر اور معاون خصوصی برائے ماحولیات امین اسلم شامل ہیں۔