اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان خطہ میں امن کا خواہاں ہے، امن آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے،پاکستان اور بھارت دو جوہری طاقتیں ہیں جو کسی جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتیں، دنیا میں کوئی چیز ناممکن نہیں، مسئلہ کشمیر کا حل بھی مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جا سکتا ہے، پاکستان میں ذہن بدل چکا ہے بھارت کو بھی بدلنا چاہئے، کرتارپور راہداری کو کھولنا سکھ برادری کا دیرینہ مطالبہ تھا، ہندو یاتریوں کیلئے بھی ویزوں کا حصول بھی آسان بنائیں گے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں بھارتی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وفاقی وزیر تعلیم و تربیت شفقت محمود بھی ان کے ہمراہ تھے۔