اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی تعمیری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور پاکستان میں موجود ٹیلنٹ کے فروغ کیلئے نوجوانوں کو سپورٹس کی سہولیات کی فراہمی ضروری ہے، ملک میں سپورٹس کے فروغ کیلئے قائم خصوصی ٹاسک فورس کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات کی روشنی میں سپورٹس کے شعبہ میں ضروری اصلاحات لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یہ بات جاوید آفریدی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جاوید آفریدی نے وزیراعظم کو ”پشاور زلمئے” کی جانب سے فٹ بال لیگ کے انعقاد کے حوالہ سے بریف کیا۔ ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی تعمیری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور پاکستان میں موجود ٹیلنٹ کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو سپورٹس کی سہولیات میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سپورٹس کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے خصوصی ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے، ٹاسک فورس کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات کی روشنی میں سپورٹس کے شعبہ میں ضروری اصلاحات لانے میں مدد ملے گی۔ پشاور زلمے کی جانب سے ملک سپورٹس کے فروغ کے سلسلہ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ وزیراعظم نے سپورٹس کے فروغ میں پشاور زلمے اور جاوید آفریدی کی کوششوں کو سراہا۔