وزیراعظم عمران خان کی جاپان کے سفیر کونی نوری ماتسودا سے گفتگو

131

اسلام آباد ۔ 16 مئی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور عوامی توجہ کی حامل حکمت ہائے عملی کے ذریعے موجودہ اقتصادی چیلنجز پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے، پاکستان معیشت کے تمام شعبوں میں جاپانی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا۔ انہوں نے یہ بات جاپان کے سفیر کونی نوری ماتسودا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ جاپانی سفیر نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے برس ہا برس سے پاکستان کے کلیدی ترقیاتی شراکت دار کی حیثیت سے جاپان کے کردار کو سراہتے ہوئے باہمی طور پر مفید تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے سرمایہ کاری، انسانی وسائل کی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹورازم اور زراعت کے شعبہ جات کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ ان کی حکومت امن کے فروغ، سرمایہ کاری دوست، ترقیاتی اور عوامی محور کی حامل حکمت ہائے عملی کے ذریعے اقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معیشت کے تمام شعبوں میں جاپانی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا۔ ملاقات میں دونوں اطراف نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جاپانی سفیر نے پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات میں اضافے کے لئے اپنی حکومت کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔