وزیراعظم عمران خان کی جرمن وزیر خارجہ ہیکو مآس سے گفتگو

113
APP87-12 ISLAMABAD: March 12 - German Foreign Minister Heiko Maas called on Prime Minister Imran Khan at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو جمہوری اقدار اور کثیر الجہتی تعاون سے عبارت ہیں۔ انہوں نے یہ بات جرمن وزیر خارجہ ہیکو مآس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی قیادت بالخصوص امیگریشن کے بحران سے عہدہ برآ ہونے کو سراہا۔ وزیراعظم نے جرمن وزیر خارجہ کو بھارت اور افغانستان سمیت خطے کی صورتحال کے ساتھ ساتھ کشیدگی میں کمی کے لئے موجودہ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے وزیراعظم نے ہائیڈرو الیکٹرک پیداوار اور آٹو موبائل کے شعبوں میں جرمنی کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم نے جرمنی کو ایک اہم ترقیاتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے انسانی ترقی بالخصوص تعلیم و صحت سے متعلق شعبوں میں پاکستان کے لئے وسیع تر جرمن تکنیکی معاونت کی دعوت دی۔ جرمن وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے صورتحال سے ذمہ دارانہ انداز میں نبرد آزما ہونے بالخصوص بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کے فیصلے پر وزیراعظم کی تعریف کی جس کو بین الاقوامی برادری نے مثبت انداز میں نوٹ کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے افغانستان میں پر امن تصفیہ کے حوالے سے پاکستان کے کلیدی کردار کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو جرمنی کے دورے کے لئے جرمن چانسلر کی دعوت کا اعادہ کیا۔