اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں حلیف جماعتوں کے رہنماﺅں سمیت آزاد کشمیر کے صدر اور دیگر مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ ہفتہ کو ایوان صدر میں ہونے والی وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان ، تین نامزد صوبائی گورنرز چوہدری سرور، شاہ فرمان، عمران اسمعیل، ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے غوث بخش مہر، جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی ، قائم مقام چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان ، تحریک انصاف سینئر راہنماﺅں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک ، ڈاکٹر عارف علوی، شفقت محمود سمیت بڑی تعداد میں اراکین پارلیمنٹ ، غیر ملکی سفیروں ، بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز نوجوت سنگھ سدھو،1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں جاوید میاں داد، وسیم اکرم، مدثر نذر، انضمام الحق سمیت دیگر کھلاڑیوں اور شوبز سے تعلق رکھنے جاوید شیخ سمیت اہم کرداروں نے بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔