وزیراعظم عمران خان کی حکومت انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، امجد علی خان نیازی

283

اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی امجد علی خان نیازی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ جمعرات کو پی ٹی وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آتے ہی عمران خان کی حکومت کو بدترین چیلنجز وراثت میں ملے، وزیر اعظم عمران خان نے کامیابی کے ساتھ کئی بحرانوں کا مقابلہ کیا اور لوگوں کا اعتماد بحال کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق ملک میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ امجد خان نیازی نے کہا کہ نواز شریف ایک سزا یافتہ مجرم ہیں اور حکومت کسی قیدی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی مجاز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں حکومت کو بلیک میل کرنے کی بجائے عدالت سے بیرون ملک علاج کرانے کی اجازت لینی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت عوام کے مفاد میں بہترین پالیسیوں کے ذریعے عوام کو بلا تفریق ریلیف فراہم کرنے اور بہترین قومی مفادات میں کام کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت پردباؤ ڈال کر این آر او حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن رہنمائوں کے خلاف بدعنوانی کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ جے یو آئی ف کے لاک ڈاؤن کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ملک کو میدان جنگ میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں مگر ہم ان کے دھمکی آمیز حربوں کے ذریعے ملک کو عدم استحکام کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کرے گی اور حکومت گرانے کے اپوزیشن کے منصوبے صرف ایک خواب ہی رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی کو قانون اور آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ریلی کی اجازت ہوگی۔