وزیراعظم عمران خان کی دیانت داری، سچائی اور محنت پر ساری قوم متفق ہے، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

95

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دیانت داری، سچائی اور محنت پر ساری قوم متفق ہے، وہ مسائل سے احسن طریقے سے نمٹ رہے ہیں، سیاسی، معاشی بحرانوں سے قوم کو نکال کر آگے لیکر جائیں گے، وزارت داخلہ 120 دن میں بدل جائے گی، عوام کو سہولیات فراہم کریں گے، پارکس اور باغات کو بہتر بنائیں گے، ناکے ختم کردیے، پولیس کو مزید گاڑیاں دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوۓ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپکو عزت دی ہے اور آپ نے پولیس کو عزت دی ہے، آپ پہلے وزیر اعظم ہیں جس نے پولیس کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں شرکت کی ہے، اس سے کراچی سے طور خم تک امن وامان کا فریضہ سر انجام دینے والے ہر جوان کو آج عزت ملی ہے اور اسکا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پانچ سو کیمرے خراب تھے، اب سب اٹھارہ سو کیمرے درست کام کر رہے ہیں، پولیس چوکیاں جہاں شہریوں کو تنگ کیا جاتا تھا اب ختم کردی ہیں، صرف تین چوکیاں باقی ہیں وہ بھی مزید گاڑیاں ملنے پر ختم کردی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جس طرح کام کر رہے ہیں ان کے نام کا ڈنکا صرف پاکستان نہیں ، دنیا میں بجے گا، اسلام آباد میں بہترین ٹیم کام کر رہی ہے، پولیس کی ہاؤسنگ کیلئے دوسو کنال زمین ملی ہے۔ وزیراعظم سے درخواست ہے کہ چار سو کنال دینے کے احکامات جاری کریں، اسلام آباد میں پانچ سو مدارس ہیں جہاں قرآن و سنت کی تعلیم دی جاتی ہے، ہم تمام مکاتب فکر کے علماکو ساتھ لیکر چلیں گے، 120دن میں وزارت داخلہ بدل جائیگی، عوام کو سہولیات دیں گے، پولیس مشکل حالات میں امن و امان کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے، آج گیارہ سو جوان پولیس میں شامل ہورہے ہیں۔ وزیراعظم پولیس کے مزید پانچ سو جوانوں کی بھرتی کی منظوری دیں، 120دن میں تمام پارکس بہتر بنائیں گے، سب پارکس میں ایک جیسی سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اسلام آباد پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کی استدعا کی۔