اسلام آباد ۔ 31دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے فاٹا کے انضمام شدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انضمام شدہ علاقوں کے پانچ لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی جنوری کے آخر تک شروع کی جائے جبکہ لوکل گورنمنٹ کے نظام کے جلد از جلد نفاذ کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو فاٹا کے انضمام شدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر اعلی محمود خان، وزیر اعظم کے مشیر شہزاد ارباب، معاون خصوصی افتخار درانی، صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم خان اور افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انضمام شدہ علاقوں میں انتظامی امور، صحت، تعلیم، لا اینڈ آرڈر اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ تین ماہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا