اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے معمولی جرائم میں قید افراد کی دادرسی کےلئے فوری طور پر لائحہ عمل تشکیل دینے اور جیلوں میں اصلاحات کے سلسلہ میں سفارشات جلد از جلد مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف طبقات کےلئے مختلف قوانین کا اطلاق اور جیلوں میں بااثر افراد کے ساتھ ترجیحی سلوک بہت بڑی ناانصافی ہے جبکہ بے سہارا اور مالی طور پر کمزور قیدیوں کو معاونت فراہم نہ کرنا بھی ظلم ہے۔ انہوںنے یہ بات پیر کو قیدیوں کی معاونت کےلئے قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں بیرسٹر علی ظفر، سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان خان، ہوم سیکرٹری پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، سپیشل ہوم سیکرٹری بلوچستان و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔