وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں آبادی سے متعلق مسائل کے بارے میں اجلاس ، پنجاب حکومت کو سموگ پر قابو پانے کے لئے جامع پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت

103

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو سموگ پر قابو پانے کے لئے جامع پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ، وزیراعظم نے وفاقی اور پنجاب و خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں کو آلودگی سے نمٹنے کے لئے مختصر وسط مدتی اور طویل مدتی جامع منصوبہ پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ یہ ہدایات انہوں نے جمعہ کو ملک میں آبادی سے متعلق مسائل کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی ۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ آلودگی اگرچہ خاموش قاتل ہے تاہم ماضی کی حکومتوں میں ماحول کا تحفظ ترجیح نہیں رہی اب غفلت کی مزید کوئی گنجائش نہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے بڑے شہروں کو آلودگی سے بچانا ہے کیونکہ آلودگی کے باعث بھاری سماجی اور معاشی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے ۔ ملک کے تمام میٹروز کے لئے نئی بسیں ،الیکٹرک گاڑیاں ہونی چاہئیں ، ہمیں صنعتوں کو اپنے یونٹ شہروں سے باہر منتقل کرنے اور ماحول کے تحفظ کے لئے جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لئے مراعات دینی چاہئیں ۔

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو سموگ پر قابو پانے کے لئے جامع پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ، وزیراعظم نے وفاقی اور پنجاب و خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں کو آلودگی سے نمٹنے کے لئے مختصر وسط مدتی اور طویل مدتی جامع منصوبہ پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے ایئر کوالٹی کنٹرول سسٹم کے فروغ جبکہ موثر پابندیوں کے ساتھ بڑے صنعتی یونٹوں کو شہروں سے باہر منتقل کرنے ، گاڑیوں کو بتدریج الیکٹرک وہیکل میں منتقل کرنے اور معیاری ایندھن استعمال کرنے پر مراعات دینے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم میاوا کی جنگلات کے طریقہ کے ذریعے اپنے شہروں کی شادابی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے ماحول کے تحفظ کے لئے لوگوں کے رویئے میں تبدیلی کے لئے وسیع سطح پر عوامی آگاہی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کو گاڑیوں ، صنعتی یونٹ ، فاضل مواد اور فصلوں کو جلانے سے متعلق بریفنگ دی گئی جو کہ آلودگی کی بڑی وجہ ہیں ۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی امین اسلم ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور متعلقہ سینئر حکام نے شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔