اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے افراد کے اپنے ذاتی گھروں کے حصول کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے ہر ممکن سہولت اورمعاونت فراہم کی جائے۔ انھوں نے یہ ہدایت نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ وزیراعظم نے اس ضمن میں فورکلوژر اور رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی سے متعلق قوانین کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے سے نہ صرف کم آمدنی والے افراد کو گھر کی سہولت میسر آئے گی بلکہ معیشت کا پہیہ چلے گا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔اجلاس میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کے حوالے سے کم آمدنی والے افراد کو کمرشل بنکوں کی جانب سے فنانسنگ کے حصول سے متعلقہ امور پر تفصیلی غور کے بعد وزارتِ خزانہ اور سٹیٹ بنک کی جانب سے ہاﺅسنگ فنانسنگ کے ضمن میں بنکوں کو مراعات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزارتِ خزانہ اور سٹیٹ بنک کی جانب سے کمرشل بنکوں کو دی جانے والی مراعات کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اس اقدام کا مقصد کم آمدنی والے افراد کو بنکوں کی جانب سے آسان قرضوں کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام سے استفادہ کر سکیں۔ اجلاس میں وزیرخزانہ اسدعمر، پنجاب کے سینئیر وزیرعلیم خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخاردرانی، ہاﺅسنگ کے حوالہ سے ٹاسک فورس کے چیئرمین ضیغم نقوی، یعقوب اظہار، گورنرسٹیٹ بنک طارق باجوہ اورسیکرٹری ہاﺅسنگ ڈاکٹرعمران زیب نے شرکت کی۔