وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس، لائیو سٹاک، پولٹری، ڈیری فارم اور زرعی مصنوعات سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا

140

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے لائیو سٹاک سیکٹر سے متعلق مسائل دور کرنے کی غرض سے جامع منصوبہ کی ہدایت کرتے ہوئے لاہور میں ماڈل زرعی منڈی قائم کرنے سے متعلق تجویز کی منظوری دےدی۔ یہ منظوری منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں لائیو سٹاک، پولٹری، ڈیری فارم اور زرعی مصنوعات سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ لائیو سٹاک سیکٹر میں بالخصوص چین اور خلیجی ممالک کو گوشت کی برآمدات کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کو مویشیوں میں منہ کھر کی بیماریوں، ملک میں فری زونز، پولٹری اور سمال اور میڈیم ڈیری فارمز کے حوالہ سے بھی بریف کیا گیا۔ اجلاس میں زرعی پیداواری منڈیوں سے متعلق امور پر تفصیلی بحث ہوئی۔ وزیراعظم کو اگلے پانچ سال کے دوران 24 اضلاع میں 76 زرعی منڈیوں کی اپ گریڈیشن، انفراسٹرکچر کی ترقی، 9 منڈیوں کی بحالی اور 6 نئی منڈیوں کے قیام سے متعلق بھی بریف کیا گیا۔ وزیراعظم نے لائیو سٹاک سیکٹر سے متعلق مسائل دور کرنے کی غرض سے جامع حکمت عملی کی ہدایت کی اور لاہور میں ماڈل زرعی منڈی قائم کرنے سے متعلق تجویز کی منظوری دی جسے بعد ازاں ملک کے دیگر حصوں تک بھی توسیع دی جائے گی۔