اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ انضمام شدہ علاقوں کے حوالہ سے آئندہ سال کے بجٹ میں مقامی قیادت اور عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ان منصوبوں کو ترجیح دی جائے جو عوام کی فوری ضرورت ہیں، ترقیاتی عمل کو عوام کی حمایت سے آگے بڑھایا جائے، 48 ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی فندز کی فراہمی انضمام شدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کیلئے ہمارے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو انضمام شدہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب، صوبائی وزیرِ خزانہ تیمور خان جھگڑا، ممبران قومی اسمبلی گل داد خان، گل ظفر خان، ساجد خان، محمد اقبال آفریدی، ملک فخر زمان اور متعلقہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انضمام شدہ علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ انضمام شدہ علاقوں کے حوالے سے اب تک 217 منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے ان میں تعلیم، صحت، مواصلات، آب پاشی، سپورٹس، لاء اینڈ جسٹس، زراعت، توانائی، پینے کا صاف پانی وغیرہ جیسے منصوبے شامل ہیں۔ اجلاس کو وفاق کی جانب سے انضمام شدہ علاقوں کے لئے جاری شدہ رقوم اور اب تک کے اخراجات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت انضمام شدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل مالی حالات اور کورونا کے باوجود رواں سال کے لئے وفاق کی جانب سے انضمام شدہ علاقوں کے لئے 48 ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاری فنڈز کی فراہمی ہمارے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ انضمام شدہ علاقوں کے حوالے سے آئندہ سال کے بجٹ میں مقامی قیادت اور عوامی نمائندگان کی مشاورت سے ان منصوبوں کو ترجیح دی جائے جو عوام کی فوری ضرورت ہیں اور براہ راست اور کم ترین مدت میں عوام کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کی مانیٹرنگ اور مقررہ اہداف کے بروقت حصول پر نظر رکھنے کے لئے وفاق اور صوبائی حکومت کے نمائندگان پر مبنی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس میں موجود منتخب نمائندگان کو ہدایت کی کہ انضمام شدہ علاقوں میں جاری ترقیاتی عمل کے حوالے سے عوام کو ساتھ ملایا جائے تاکہ ترقیاتی عمل عوام کی حمایت سے آگے بڑھایا جائے۔ عوام کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے وزیر اعظم نے خاص طور پر ہدایت کی کہ اس امر کی طرف خصوصی توجہ دی جائے۔