وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی روڈ میپ کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کا اجلاس، خصوصی ٹیکنالوجی زونز کے قیام کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت سے منسلک کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنا ہے، وزیراعظم عمران خان

83

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خصوصی ٹیکنالوجی زونز کے قیام کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت سے منسلک کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں انفارمیشن ٹیکنالوجی روڈ میپ کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے چیئرمین عامر ہاشمی، پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید صباحت علی شاہ، مسعود جبار اور طارق ملک نے شرکت کی۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں مقامی برآمدات میں اضافہ کے حوالہ سے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 60 کی دہائی میں ترقی کے حوالہ سے علاقہ کے ممالک کیلئے ایک مثال تھا، سابقہ حکومتوں نے نظام کو تباہ کیا اور بالخصوص آئی ٹی کے شعبہ کو نظر انداز کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے آئی ٹی کا شعبہ ترقی کرے گا کیونکہ پاکستان میں وسائل اور ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کی درست پالیسیوں کی وجہ سے 2023 تک آئی ٹی کی برآمدات 5 ارب ڈالر تک بڑھ جائیں گی۔